ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب میں ایک صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 بنگلادیشی مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی وزارت برائے مہاجرین کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ نے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حادثہ ریاض میں پیش آیا۔
وزیر برائے تارکین وطن کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ عارف الحق چودھری نے اموات پر صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزارت کے مطابق متاثرین میں سے دس کا تعلق بنگلہ دیش کے ضلع نوگاؤں سے تھا جبکہ باقی مزدور شمالی اور مغربی نٹور اور راجشاہی اضلاع کے رہائشی تھے۔
عارف الحق چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں بنگلہ دیش کا سفارت خانہ جائے حادثہ اور مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مرنے والے مزدوروں کی باقیات کی وطن واپسی میں تیزی لائیں اور ان کے اہل خانہ کے لیے تمام ضروری سرکاری امداد اور معاوضے کو یقینی بنائیں۔


