اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے چند منٹ میں درخواست اور ادائیگی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈیجیٹل نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حج واجبات کی ادائیگی کیلئے تین ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے ادائیگی کر سکیں گے۔ سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو چھبیس نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 40 روزہ لانگ حج سکیم کا پیکیج بارہ لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب حج پیکیج کی پچاس فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کو عازمین حج کی خدمت کا موقع ملنے پر خوشی ہے۔ وہ ملک بھر میں 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا اور اسلامی بینکاری کے تحت عازمین سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیا جائے گا۔


