اسلام آباد (لارڈ میڈیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے کینیڈین ہم منصب کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کے مقاصد اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور خطے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اسحاق ڈار نے مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال اور اردن میں ہونے والے اجلاس کے حوالے سے بھی کینیڈین وزیر خارجہ سے تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم نے کینیڈین وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر باہمی مشاورت کو بھی اہم قرار دیا گیا۔


