کراچی (لارڈ میڈیا) ایف آئی اے نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو مختلف کارروائیوں کے دوران ممکنہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی میڈیکل دستاویزات پر کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو آف لوڈ کر دیا۔ ایف آئی اے کے امیگریشن سرکل نے ملائیشیا جانے والے وسیم حیدر اور ساجد پرویز کو جعلی میڈیکل دستاویزات کے ذریعے سفری مقصد چھپانے پر روکا جبکہ باکو جانے والی حمنہ شکیل کو ممکنہ جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملائیشیا جانے کے خواہشمند وسیم حیدر نے دعویٰ کیا کہ وہ ریڑھ کی ہڈی کے علاج کے لیے جا رہے ہیں، تاہم تفتیش کے دوران اصلی مقصد ملازمت حاصل کرنا ثابت ہوا۔ ان کے ساتھ جعلی دستاویزات تیار کرنے والے افراد کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری کارروائی میں حمنہ شکیل کو آذربائیجان کے شہر باکو جانے سے روکا گیا، جہاں وہ ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے رابطے میں آنے والے شخص سے ملنے جا رہی تھیں۔ ان کے موبائل فون کی جانچ سے مشتبہ چیٹس اور رقم کے عوض جنسی ملاقاتوں کا انکشاف ہوا۔
ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حمنہ شکیل کے معاملے میں انسانی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے شواہد کی جامع تحقیقات جاری ہیں۔


