اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواستوں کو ترجیحی بنیاد پر پراسیس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے ایک آن لائن اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محمد علی رندھاوا نے زونل ہیڈز کو ہدایت کی کہ اپنے دفاتر کو ماڈل دفاتر میں تبدیل کریں، جہاں صفائی، نظم و ضبط اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
زونل ہیڈز کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ایف آئی اے زونل دفاتر کے ساتھ تعاون کریں اور ایجنٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
اجلاس میں کیش لیس پاسپورٹ فیس ادائیگی کے نظام سے متعلق آگاہی ویڈیوز پاسپورٹ دفاتر میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں، پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کی تشہیر کے لیے بینرز آویزاں کرنے کو کہا گیا۔
محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ جن کے پاسپورٹس ابھی تک نہیں ملے ان سے رابطہ کر کے بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔


