نیویارک (لارڈ میڈیا): امریکا کی معروف مالیاتی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کے اداروں کو حالیہ دنوں میں پیچیدہ نوعیت کے سائبر حملوں کا نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہیکرز نے وال اسٹریٹ کی بڑی مالیاتی سروسز کمپنیوں کے معلوماتی نظام تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔
رائٹرز کے مطابق دنیا کے چند بڑے ہیج فنڈز اور کئی پرائیویٹ ایکویٹی کمپنیوں کو ان حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہیکرز نے فون کالز کے ذریعے کمپنیوں کے ملازمین کو دھوکا دینے کی کوشش کی تاکہ وہ انہیں اپنے کمپیوٹر سسٹمز تک رسائی دے سکیں یا حساس معلومات فراہم کر دیں۔
ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری کی معروف کمپنی پوائنٹ 72 ایسیٹ مینجمنٹ نے اپنے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ اسے بھی ہیکرز کی جانب سے حملے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم صارفین کی کوئی معلومات چوری نہیں ہوئیں۔ دیگر کمپنیوں جیسے ٹو سگما انویسٹمنٹس اور سٹیڈل کے معلوماتی نظام میں بھی داخل ہونے کی کوشش کی گئی۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق بڑی مالیاتی کمپنیوں پر ہیکنگ کی کوششیں معمول کا حصہ بن چکی ہیں، تاہم فون کالز کے ذریعے ملازمین کو دھوکا دینے کا طریقہ اب بھی ہیکرز کی جانب سے مؤثر سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی کمپنیاں اے آئی سے مدد یافتہ سائبر حملوں اور رینسم ویئر کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا کر رہی ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے ہیکنگ سے متعلق مسائل کے تناظر میں ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔


