ماسکو (لارڈ میڈیا): روس کے جدید مسافر بردار طیارے ایم سی-21 کا پہلا ماڈل کامیابی سے اپنی آزمائشی پرواز مکمل کر چکا ہے۔ یہ اعلان روسی طیارہ ساز کمپنی یونائیٹڈ ایئرکرافٹ کارپوریشن نے کیا۔ کمپنی کے مطابق ایم سی-21-310 طیارہ ارکتسک ایوی ایشن پلانٹ کے رن وے سے اڑا اور تقریباً ایک گھنٹہ 23 منٹ تک فضا میں رہا، جس دوران اس نے 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار اور 6 ہزار میٹر کی بلندی حاصل کی۔
پائلٹ رومان تاسکایف نے کہا کہ اسمبلی لائن سے تیار ہونے والے پہلے طیارے نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پرواز کا منصوبہ کامیاب رہا۔ یونائیٹڈ ایئرکرافٹ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو وادیم بادیکھا نے کہا کہ ارکتسک کی فیکٹری اس وقت 18 مسافر طیارے تیار کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے 24 جولائی کے دورے کے بعد حکومت نے مزید طیاروں کی تیاری کے احکامات منظور کر لیے ہیں۔ ایم سی-21 منصوبہ 2009 میں شروع کیا گیا تھا لیکن مختلف پابندیوں کے باعث تاخیر ہوئی۔ اب یہ مکمل طور پر روسی پرزوں سے بنایا جا رہا ہے۔
روسی سرکاری دفاعی ادارے روس ٹیک کا ہدف ہے کہ 2026 کے اختتام تک ایم سی-21 کے لیے تمام سرٹیفکیٹس حاصل کر لیے جائیں، جس کے بعد تجارتی پروازیں شروع کی جائیں گی۔ طیارے کے چیف ڈیزائنر ویتالی ناریشکن نے کہا کہ پیداوار اور آزمائشی مراحل کو ایک ساتھ جاری رکھنے سے سرٹیفکیشن مکمل ہونے اور طیاروں کی فراہمی میں تاخیر کم ہوگی۔


