ہومتازہ ترینمحکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی، فلیش فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی، فلیش فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے اگلے 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران اٹک، فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور چواں سیدان شاہ میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم تشکیل پا رہا ہے۔ چکوال، کلر کہار، دینہ، گوجر خان، منگلا اور جہلم میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

موسم کی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے چار اگست تک دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے اور مختلف علاقوں میں سیلاب و فلیش فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔

وزیرِاعظم کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نوواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں، وسطی و جنوبی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور سندھ کے دیگر نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں، سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کیا جائے۔ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں