ہومتازہ ترینایم کیو ایم بہادر آباد مرکز میں تصادم، متعدد زخمی

ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز میں تصادم، متعدد زخمی

کراچی (لارڈ میڈیا): ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد مرکز میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں فائرنگ، پتھراؤ اور ہاتھا پائی کے واقعات پیش آئے جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع اور پولیس کے مطابق، بہادر آباد مرکز میں اہم پارٹی اجلاس کے بعد رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے اور تلخ کلامی تشدد میں بدل گئی۔ اس دوران کرسیاں چلیں اور شدید ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

تصادم کے دوران بہادر آباد مرکز کے ایڈمنسٹریٹر ذاکر حسین اور عامر نامی شخص فائرنگ سے زخمی ہو گئے، جبکہ رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق اور دیگر سینئر رہنماؤں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کے حامی گروپوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے اختتام پر ایک گروپ کے کارکنوں نے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق، ذاکر حسین سمیت دیگر رہنماؤں پر حملہ کیا، جبکہ خاتون رہنماؤں سے بھی بدتمیزی کی گئی۔

واقعے کے بعد بہادر آباد مرکز اور اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث دکانیں اور مارکیٹیں بند ہو گئیں، جبکہ دونوں گروپوں کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف مشتعل رہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق کشیدگی برقرار ہے اور امن و امان بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

دوسری جانب، ایم کیو ایم کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور کارکنوں کی بڑی تعداد بہادر آباد مرکز کے باہر جمع ہو گئی، جبکہ پارٹی قیادت نے کارکنوں کو قریبی پارک میں جمع ہونے کی ہدایت کی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں