اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلزپارٹی کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات الٹرا فارم 47 کی طرح نظر آ رہے ہیں۔
ندیم افضل چن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی عدم موجودگی اور امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو پیپلزپارٹی ان انتخابات کی توثیق نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر پوری دنیا کی نظر ہے اور اس انتخابی عمل کو درست کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاید یہ آزاد انتخابات نہیں کروانا چاہتے اور ایک پارٹی کو اقتدار دینے کے لئے دھاندلی کی جا رہی ہے۔
ندیم افضل چن نے انکشاف کیا کہ پارٹی میں دوسرے اور تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کی مضبوط رائے موجود تھی، تاہم پارٹی قیادت نے بائیکاٹ کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بیلٹ کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں اور کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹھوس ثبوت پیش کر رہے ہیں اور سیالکوٹ اور جھنگ کے انتخابات میں گلوبٹ ماڈل کے استعمال کا خدشہ ہے۔


