تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے خطے کے ممالک کو امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کی ایران سے متعلق کارروائیاں پورے خطے کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری طاقت کو سہارا دینے کے لیے خطے کے ممالک کے وسائل، انفراسٹرکچر اور دولت کا استعمال کر رہا ہے۔ میجر جنرل علی عبداللہی نے خبردار کیا کہ جو بھی ملک امریکا کی دفاعی ڈھال بنے گا، وہ جنگ کے شعلوں میں لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
ایرانی کمانڈر نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا چاہئیں۔ انہوں نے قبل ازیں خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے حملہ کیا تو ایران کا ردعمل محدود نہیں ہوگا، اور اسرائیلی تنصیبات اور امریکی توانائی کا بنیادی ڈھانچا بھی ہدف ہوگا۔
ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے کمانڈر نے کہا کہ جارحیت کا دور ختم ہو چکا ہے، اور کسی بھی غلط اندازے پر مبنی کارروائی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس صلاحیت بھی ہے اور ارادہ بھی، اور ایک جامع منصوبہ تیار ہے۔
یاد رہے کہ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران پر تازہ حملوں کا حکم دیا ہے، اور امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔


