سان ڈیاگو (لارڈ میڈیا): امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں ایف- 35بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق، ایک نشست والا یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے کیلیفورنیا کے میرین کور ائیر اسٹیشن میں رن وے تک پہنچنے سے پہلے گر گیا۔
امریکی فوج کے بیان کے مطابق پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچائی، اور اسے معمولی زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حادثے کے بعد ائیرپورٹ کے فائر فائٹرز نے طیارے کے ملبے اور اطراف میں لگی گھاس کی آگ پر قابو پایا۔ طیارہ گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ ایف- 35بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو روایتی انداز کے ساتھ ساتھ ورٹیکل لینڈنگ کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر ہے اور اسے امریکی میرین کور، برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج استعمال کرتی ہیں۔


