اسلام آباد (لارڈ میڈیا) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے صوبوں کے بیان پر سوال کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جواب دیا کہ یہ محسن نقوی کی ذاتی رائے ہے اور میں اس پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گڈ گورننس پاکستان کے استحکام اور سیکیورٹی کے لیے ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 14 نکات موجود ہیں جن پر تمام سیاسی جماعتوں کے دستخط ہیں، ان پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا؟ انہوں نے نشاندہی کی کہ نارکوٹکس، اسمگلنگ، افغان مہاجرین اور مدارس کی رجسٹریشن جیسے مسائل گڈ گورننس پر منحصر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آبادی 6 کروڑ تھی تو صوبے چار تھے، اب آبادی 24 کروڑ ہو چکی ہے مگر صوبے اب بھی چار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں سمیت تمام جماعتوں کی خواہش ہے کہ مسائل حل ہوں، لیکن نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔


