راولپنڈی (لارڈ میڈیا) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بنیادی مسائل کا تعلق وہاں کے سرداروں اور ایلیٹ طبقے سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طبقہ چاہتا ہے کہ غریب کا بچہ تعلیم حاصل نہ کرے اور ان کی ذاتی حفاظت کے لیے لیویز فورس کی تنخواہیں استعمال ہوں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک قبیلہ ہے جو اسٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتا ہے تاکہ غریب ان کے غلام رہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حقوق کی بات کرنے والے اپنے فرائض سے بھی آگاہ ہیں؟
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ یہ سردار منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے کاروبار میں ملوث ہیں اور 1000 ارب کے بجٹ میں حصہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حصہ نہ دیا گیا تو وہ دہشت گردی کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لیویز فورس کو ذاتی فورس سمجھنے کی عادت ہے اور بلوچستان کے عوام ہی اصل اسٹیک ہولڈرز ہیں۔ یہ سردار اپنے غیر قانونی دھندوں کے لیے پرمٹس مانگتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان ایک ہارڈ اسٹیٹ ہے جہاں تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق ہونے چاہئیں۔ آئین کا آرٹیکل 5 واضح کرتا ہے کہ وفاداری صرف ریاست سے ہوگی۔


