ہومتازہ ترینممتاز کشمیری رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویں برسی...

ممتاز کشمیری رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویں برسی پر قوم کا خراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) ممتاز کشمیری رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے ان کی آئینی، سیاسی اور سفارتی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

سردار محمد ابراہیم خان کو تحریک آزادیٔ کشمیر کی تاریخ میں مرکزی کردار حاصل ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت، آئینی جدوجہد اور سفارتی خدمات تاریخِ کشمیر کا ایک اہم باب قرار دی جاتی ہیں۔ وہ نہ صرف ایک مقبول عوامی رہنما تھے بلکہ آزاد جموں و کشمیر کی ریاستی، آئینی اور ادارہ جاتی بنیادیں رکھنے والے معمار بھی سمجھے جاتے ہیں۔

تاریخی ریکارڈ کے مطابق ان کی قیادت نے ڈوگرہ راج کے خلاف مزاحمت کو ایک واضح سیاسی اور آئینی سمت فراہم کی، جس نے بعد ازاں آزاد جموں و کشمیر کے قیام کی بنیاد رکھی۔

19 جولائی 1947 کو سردار محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کی گئی، جسے تحریک آزادیٔ کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جاتا ہے۔

پونچھ کی تاریخی تحریک آزادی بھی ان کی قیادت میں کامیاب ہوئی اور 24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کا اعلان کیا گیا۔

سردار محمد ابراہیم خان نے تقریباً پانچ دہائیوں تک آزاد جموں و کشمیر کے جدید ریاستی، آئینی اور انتظامی ڈھانچے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 1949 کے تاریخی کراچی معاہدے پر بھی دستخط کیے اور مختلف عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

غازیٔ ملت سردار محمد ابراہیم خان 31 جولائی 2003 کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے، انہیں راولاکوٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ مقررین کا کہنا ہے کہ ان کی آئینی، سیاسی اور سفارتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور تحریک آزادیٔ کشمیر میں ان کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں