اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر مواصلات اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے ملک میں انتظامی اصلاحات کے لیے چاروں صوبوں کو تین، تین انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی انتظامی اصلاحات سے متعلق تجاویز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی تقاضوں کے پیش نظر پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ کے نام سے تین، تین صوبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس طریقہ کار سے موجودہ صوبوں کے نام تبدیل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور تمام علاقوں کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی شناخت بھی برقرار رہے گی۔ نئے صوبوں کے قیام سے عوام کو بہتر اور فوری سرکاری خدمات میسر آئیں گی جبکہ چھوٹے کاموں کے لیے دور دراز دارالحکومتوں کے سفر کی ضرورت کم ہوگی۔ چیف سیکریٹری، آئی جی اور ہائی کورٹس بھی زیادہ مؤثر انداز میں خدمات انجام دے سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے ملک کو تقسیم نہیں کریں گے بلکہ قومی یکجہتی کو مضبوط، معیشت کو مستحکم اور تمام علاقوں میں متوازن ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی قیادت اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک صفحے پر آئے۔


