ہومتازہ ترینآئی سی سی کا ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان ممالک...

آئی سی سی کا ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان ممالک کا اعلان

جوہانسبرگ (لارڈ میڈیا): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے میزبان ممالک کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ایونٹ کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ یہ ورلڈ کپ 24 سال بعد دوبارہ افریقی سرزمین پر منعقد ہو گا۔

تقریب میں ٹورنامنٹ کی برانڈنگ ‘تھری نیشنز، ون ہارٹ بیٹ’ بھی متعارف کرائی گئی، جو میزبان ممالک کے اتحاد اور مشترکہ ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق اس ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔

نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں رینکنگ کے لحاظ سے 12ویں سے 14ویں نمبر پر موجود تین ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی۔ اس کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن کی بنیاد پر مقابلہ کریں گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ برانڈ کا اعلان ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 سال بعد ورلڈ کپ کا افریقہ میں انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا شاندار ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 نہ صرف محدود اوورز کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا بلکہ افریقہ کی ثقافت، مہمان نوازی اور کھیل سے محبت کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔ تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق اور موجودہ کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں