ہومUncategorizedحج پالیسی 2027-2030 منظور، چار سالہ رجسٹریشن متعارف

حج پالیسی 2027-2030 منظور، چار سالہ رجسٹریشن متعارف

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے آئندہ چار سالوں کے لیے حج پالیسی 2027 تا 2030 کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ پالیسی میں پہلی مرتبہ چار سالہ حج رجسٹریشن، ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ، اور متعدد حج پیکیجز شامل ہیں۔ نجی شعبے کے کردار میں مرحلہ وار اضافہ اور مکمل ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج انتظامات چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئی پالیسی کا مقصد شفافیت، بہتر منصوبہ بندی، اخراجات میں کمی اور عازمین حج کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ پالیسی کے مطابق 2027 سے 2030 تک سرکاری اور نجی حج اسکیموں کا کوٹہ بالترتیب 60 اور 40 فیصد برقرار رکھا جائے گا، تاہم وفاقی کابینہ ضرورت کے مطابق اس تناسب میں ردوبدل کر سکے گی۔

پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ عازمین حج کو چار سالہ رجسٹریشن کی سہولت دی جائے گی، جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے سال کے لیے پیشگی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے اندازاً حج اخراجات کا 10 فیصد جمع کرانا ہوگا، جبکہ حج کے لیے انتخاب مکمل طور پر شفاف ڈیجیٹل ویٹنگ لسٹ کے ذریعے ‘پہلے آئیں، پہلے پائیں’ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حکومت نے رہائش، ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ، فضائی سفر اور سامان کی ترسیل سمیت اہم خدمات کے لیے 3 سے 4 سال تک کے معاہدوں کی گنجائش بھی رکھی ہے تاکہ بہتر منصوبہ بندی ممکن ہو، خدمات کے معیار میں بہتری آئے اور اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت مختلف دورانیے کے متعدد حج پیکیجز بھی متعارف کرائے جائیں گے، جس سے عازمین اپنی ضروریات اور مالی استطاعت کے مطابق پیکیج منتخب کر سکیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت حج کے تمام مراحل، بشمول رجسٹریشن، ادائیگی، مانیٹرنگ، شکایات کے ازالے اور بعد از حج جائزے کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے گا۔ نجی حج کمپنیوں کے لیے پرائیویٹ حج مینجمنٹ پورٹل کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں وہ براہ راست حج انتظامات کرنے کے بجائے نگرانی، ریگولیشن اور معیار کو یقینی بنانے پر توجہ دے گی، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ پالیسی میں نجی حج کمپنیوں کی رجسٹریشن اور نگرانی کو کارکردگی اور مقررہ معیار پر عمل درآمد سے مشروط کیا گیا ہے۔

پالیسی میں سرکاری اور نجی دونوں حج انتظامات کا آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزہ اور آڈٹ بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ڈیجیٹل شکایت نظام، مؤثر نگرانی اور اپیل کا باقاعدہ طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں