اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ نے اسکائی گارڈن پروجیکٹ میں سوموٹو اور نیب تحقیقات کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل نیب کو طلب کرلیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین ناصر بٹ نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے تاکہ 2009 میں سوموٹو لینے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
اجلاس میں متاثرین کو زمین نہ ملنے کا مسئلہ زیر بحث آیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ 2009 میں جے وی ایگریمنٹ کے فوراً بعد سپریم کورٹ نے سوموٹو لے لیا تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ دس سال تک معاملہ عدالت اور نیب میں رہنے کے باوجود پیسے کیوں لیے گئے۔
ڈائریکٹر ایف جی ایچ اے نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تین سال بعد ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا تھا، جبکہ آخری پیمنٹ دو سال پہلے ہوئی تھی۔ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ نے بیان کیا کہ نیب کی تحقیقات سے کچھ نہیں نکلا اور پروجیکٹ میں کرپشن کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔
کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں گرین انکلیو ون کے ٹھیکے دار اور نیب حکام کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


