اسلام آباد (دنیا نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود سے ملاقات کے دوران روزگار کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر زور دیا ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لئے بہترین تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کیونکہ ہنر مند افرادی قوت معیشت، صنعت اور معاشرتی تنوع میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
شہباز شریف نے روزگار کے لئے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔


