لاہور (لارڈ میڈیا) : دریائے راوی کے برساتی بند کے ٹوٹنے سے لاہور کے علاقے پٹھان کالونی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے سینکڑوں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحصیل فیروزوالا اور دریائے راوی کے کنارے واقع دیہات میں سیلابی پانی کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں اور اب تک تین بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
رچنا ٹاؤن، رانا ٹاؤن، پٹھان کالونی، کوٹ عبدالمالک، کالا شاہ کاکو اور دیگر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حفاظتی بند ٹوٹنے یا برساتی پانی کے اوور فلو کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقے کے مکینوں نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ بعض مرد سامان کی حفاظت کے لیے موجود ہیں۔
پٹھان کالونی کے رہائشیوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کی بندش اور پانی کی سطح بلند ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ خاتون رشیداں بی بی نے کہا کہ ان کے گھر کا بیشتر سامان پانی میں ضائع ہو گیا ہے اور انہیں سرکاری امداد کی امید نہیں۔
امدادی سرگرمیوں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ، الخدمت فاؤنڈیشن اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں شامل ہیں، جو کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں میں کھانا، خشک راشن اور پانی تقسیم کیا جا رہا ہے۔
متاثرین نے حکومت پر بروقت خطرے سے آگاہ نہ کرنے کا شکوہ کیا اور کہا کہ اگر برساتی نالوں کی صفائی کی جاتی تو نقصانات کم ہو سکتے تھے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے مقامی آبادی میں تشویش ہے۔


