ماسکو (شِنہوا) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا ہے کہ اگر جاپان تیزی سے جاری اپنی عسکری توسیع کے عمل میں جوہری ہتھیار شامل کرتا ہے تو اس سے روس کی قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے اور پورے خطے کا استحکام متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے وزیر دفاع کی جانب سے حالیہ دنوں میں جوہری ہتھیاروں پر کھلے مباحثے کی ضرورت سے متعلق دیئے گئے بیانات کو اپنے دفاع کے مفاد میں بھی درست قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ کوئی بھی ملک جاپان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کے لئے خطرہ نہیں ہے۔
زخارووا نے کہا کہ "اس کے برعکس، ہم جاپانی عسکریت پسندی کے جارحانہ رجحانات کی بحالی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ایک بار پھر ٹوکیو سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تاریخ کے اسباق کو یاد رکھے اور پرامن ترقی کی راہ پر واپس آئے۔”


