پیرس (لارڈ میڈیا): پیرس کے شمالی علاقے پورٹ دے کلیشی میں ایک شخص نے کچن کے چاقوؤں سے تین خواتین پر حملہ کر دیا، جس میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق حملہ آور کو ایک آف ڈیوٹی پولیس اہلکار نے موقع پر ہی قابو کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا اور زخمی خواتین کی عمریں 19، 24 اور 36 سال بتائی گئی ہیں۔
فرانسیسی وزیر داخلہ لوراں نونیز کے مطابق زخمی ہونے والی دو خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک خاتون کے کمر کے نچلے حصے جبکہ دوسری کے پیٹ میں چاقو کے وار کیے گئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ زخمی خواتین میں سے ایک حاملہ بھی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کے ہاتھ میں دو کچن کے چاقو تھے اور اس نے اچانک راہ چلتی خواتین پر حملہ کر دیا۔ ایک خاتون ویٹرس نے کہا کہ ایک نوجوان نے حملہ آور کو مار کر زمین پر گرا دیا، جس کے بعد قریب موجود ایک ریسٹورنٹ کے ملازم نے کرسی رکھ کر اسے قابو میں رکھنے میں مدد کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ آور نے گرفتاری کے بعد غیر مربوط گفتگو کی تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی اس کے محرکات کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس نے ملزم کی شناخت یا حملے کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔


