ہومتازہ ترینچینی فنون لطیفہ ویک نے نیویارک میں روایت اور جدت کے رنگ...

چینی فنون لطیفہ ویک نے نیویارک میں روایت اور جدت کے رنگ بکھیر دیئے

نیویارک (شِنہوا) امریکہ کے شہر نیویارک کے لنکن سنٹر میں منعقد ہونے والے چینی فنون لطیفہ ویک میں شیر رقص کے پرجوش ڈھول کی تھاپ اور ہپ ہاپ کی دھنوں نے ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو کر معاصر چین کی ثقافتی توانائی اور تنوع کو اجاگر کیا۔

جمعرات کی شام ہونے والی تقریبات میں سٹریٹ ڈانس شو اپنی کنگ فو جھلک کی وجہ سے خاص توجہ کا مرکز بنا۔ اس سے قبل شیر رقص اور روایتی ینگ گے لوک رقص پیش کیا گیا، جس نے چینی ثقافت کی روایتی جھلک پیش کی۔

22 سے 26 جولائی تک جاری رہنے والے چینی فنون لطیفہ ویک میں جدید موسیقی کی پرفارمنس اور فلموں کی نمائش بھی شامل تھی، جس نے نیویارک کے شہریوں کو چین کے ثقافتی ورثے اور اس کے تخلیقی ارتقا سے روشناس کرایا۔

یہ رنگا رنگ پروگرام لنکن سنٹر کے سمر فار دی سٹی فیسٹیول 2026 کا بھی حصہ تھا، جو اگست کے اوائل تک جاری رہے گا اور اس کی رونق میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

تقریب میں شریک اینڈریو کیپ نے کہا کہ ’’ینگ گے رقص انتہائی متاثر کن تھا اور چینی سٹریٹ ڈانس بھی اتنا ہی دلچسپ تھا۔‘‘

چین کے جنوبی علاقوں کا روایتی ینگ گے رقص، جسے بعض لوگ ’’چینی جنگجوؤں کا رقص‘‘ بھی کہتے ہیں، مارشل آرٹس، ڈرامائی چہرہ آرائی اور لاٹھیوں کی پرجوش کوریوگرافی کا حسین امتزاج ہے۔

کیپ کے مطابق روایتی اور جدید عناصر کا یہ امتزاج بے حد شاندار ہے۔

چینی ثقافت سے متعلق مواد تخلیق کرنے والے کیپ نے بتایا کہ 19 برس کی عمر میں چین کا ان کا پہلا سفر ان کی زندگی بدل دینے والا تجربہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان عوامی سطح پر، خصوصاً نوجوان نسل کے مابین روابط نہایت اہم اور ضروری ہیں۔

جوز لیمون ڈانس فاؤنڈیشن سے وابستہ دیپا لائیگل نے کہا کہ چین کے سفر نے انہیں ایسی ثقافتی مماثلتوں سے روشناس کرایا جو جغرافیائی فاصلے سے بالاتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’’دونوں ثقافتیں سمندروں کے فاصلے پر ہونے کے باوجود کئی مشترکہ پہلو رکھتی ہیں۔‘‘

چینی سٹریٹ ڈانس گروپ کی سربراہ شیا روئی نے شِنہوا کو بتایا کہ ’’چینی رقاصوں نے کبھی امریکہ میں جنم لینے والے رقص کو سیکھا تھا اور آج ہم اسی فن کی چینی تعبیر لنکن سنٹر میں پیش کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا کنگ فو سٹریٹ ڈانس بریک ڈانسنگ کو چینی مارشل آرٹس اور روایتی اوپیرا کے عناصر سے جوڑتا ہے، جس سے چینی ثقافت اور نوجوان نسل کے اظہار کی ایک جدید شکل سامنے آتی ہے۔ ہماری حرکات کی زبان عالمی ہے، مگر اس کی روح چینی ہے۔‘‘

چینی فنون لطیفہ ویک کا مشترکہ انعقاد چائنہ انٹرنیشنل کلچر ایسوسی ایشن نے کیا۔

نیویارک میں چین کے نائب قونصل جنرل ما شیاؤشیاؤ نے کہا کہ مختلف انداز اور متنوع پرفارمنس چینی تہذیب کے بھرپور ثقافتی ورثے کو معاصر چین کی توانائی اور جدت کے ساتھ جوڑتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ تمام پرفارمنس مل کر چین کی مختلف جھلکیاں پیش کرتی ہیں، جن میں اس کی روایات، جدید توانائی اور عوام کی تخلیقی صلاحیتیں شامل ہیں۔ موسیقی، رقص اور باہمی تجربات کے ذریعے ہم امید کرتے ہیں کہ امریکی دوست ایک ایسے چین کو جان سکیں گے جو حقیقی، متنوع اور زندگی سے بھرپور ہے۔‘‘

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں