ہوماہم ترینایس سی او میڈیا سمٹ میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان کا ذمہ...

ایس سی او میڈیا سمٹ میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان کا ذمہ دار صحافت پر زور

شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) میڈیا اور تھنک ٹینک سمٹ 2026 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے ابلاغ کے نظام کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے ساتھ میڈیا پر سچائی، درستگی، اعتبار اور اخلاقی صحافت کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
سعید احمد شیخ نے کہا کہ عوامی خدمت انجام دینے والے نشریاتی ادارے صرف معلومات کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ، قومی یکجہتی، تعلیم کے فروغ اور اقوام کے درمیان باہمی ہم آہنگی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات کے تیزی سے پھیلنے کے دور میں قابل اعتماد عوامی میڈیا اداروں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے مستند صحافت، ثقافتی ورثے کے تحفظ، قومی یکجہتی اور بین الاقوامی دوستی کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ پیشہ ورانہ معیار، غیر جانبداری اور عوامی خدمت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ڈیجیٹل تبدیلی کو بھی اپنائے ہوئے ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم دنیا کی تقریباً نصف آبادی کی نمائندگی کرتی ہے اور اس کے رکن ممالک کی تہذیبی و ثقافتی تنوع ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "مکالمہ اعتماد پیدا کرتا ہے، تعاون نئے مواقع پیدا کرتا ہے اور باہمی مفاہمت پائیدار امن کی بنیاد رکھتی ہے۔”
انہوں نے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ میڈیا پروڈکشن، خبروں کے تبادلے، صحافیوں کی تربیت، تحقیقی شراکت داری، ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ٹیکنالوجی اور ثقافتی پروگراموں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "آئیے مل کر کام کریں تاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی اجتماعی آواز امن، دوستی، جدت اور مشترکہ خوشحالی کی آواز بن سکے۔”

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں