لوزان (لارڈ میڈیا): انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے جیانی انفانٹینو کے خلاف انسانی حقوق تنظیم فیئر اسکوائر کی شکایت پر تحقیقات سے انکار کر دیا ہے۔ تنظیم نے الزام عائد کیا تھا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بیانات دے کر اولمپک چارٹر کے سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے۔
شکایت کا پس منظر فیفا کے ایک متنازع فیصلے سے ہے جس میں امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کی ریڈ کارڈ کے بعد ایک میچ کی پابندی کو 12 ماہ کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اس معاملے پر انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا۔
پابندی معطل ہونے کے بعد بالوگن بیلجیئم کے خلاف ناک آؤٹ میچ میں شریک ہوئے تاہم امریکا کو 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی او سی نے کہا کہ فیفا کی اندرونی گورننس اور حکومتی تعلقات اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، اس لیے شکایت پر کارروائی نہیں ہو سکتی۔
ناروے فٹبال فیڈریشن نے بھی اس معاملے پر فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے رجوع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔


