کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ آپریشن العزم کے تحت مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور کئی کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن العزم کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے، جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارود اور آئی ای ڈی تیار کرنے میں استعمال ہونے والا مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے باعث نقصان کا سامنا ہے اور آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر تیز کی جائیں گی تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


