اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان اور قازقستان نے باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صدر توقایف کے دورے میں طے پانے والے اتفاق رائے، بشمول 37 مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کرنے کا عزم دہرایا۔
بات چیت کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف نے پاکستان کی امن و سفارت کاری کی کوششوں کو سراہا اور باہمی تعاون بڑھانے کی بات کی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کوشیربایف نے اسحاق ڈار کو قازقستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں حالیہ عرصے میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ قازق صدر کے دورہ پاکستان نے ان تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔
اسحاق ڈار نے چولپون آتا میں بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف سے بھی ملاقات کی، جس میں اقتصادی تعاون اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بات ہوئی۔ دونوں نے پاک بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


