نئی دہلی (لارڈ میڈیا): مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر اور منی پور کے بعد اب دارالحکومت نئی دہلی میں بھی نہتے شہریوں کے خلاف پیلٹ گن کا وحشیانہ استعمال کیا گیا ہے۔ بھارتی زیرقبضہ علاقوں میں جاری ریاستی جبر کے بعد اب نئی دہلی میں پرامن مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے میڈیا کے سامنے ایک زخمی نوجوان کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے پیلٹ گن فائر کی وجہ سے نوجوان کی ایک آنکھ ضائع ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مظاہرین پر پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ نوجوان امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف پرامن احتجاج کررہے تھے اور ان مظاہروں کو دبانے کے لیے پولیس کی جانب سے تشدد کا استعمال کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امتحانی پرچے لیک ہونے کے بعد مودی سرکار کے خلاف بھارتی نوجوانوں کا احتجاج نئی دہلی سے نکل کر دیگر شہروں تک پھیل چکا ہے، جس سے مودی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔


