سان فرانسسکو (لارڈ میڈیا): گوگل نے اکاؤنٹس کی حفاظت کے لیے سیلفی ویڈیو سائن ان فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو اپنے اکاؤنٹس پر لاگ ان یا ریکور کرنے کے لیے مختصر ویڈیو استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس کا مقصد ڈیپ فیک فراڈ اور اکاؤنٹ ہیکنگ جیسے مسائل پر قابو پانا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر متبادل سائن ان کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور اکاؤنٹ ریکوری کے لیے بھی استعمال ہوگا جب دیگر روایتی طریقے دستیاب نہ ہوں۔ اس فیچر کے تحت صارفین کو اپنی مختصر ویڈیو ریکارڈ کرنی ہوگی۔
گوگل کی جانب سے ویڈیو ریکارڈنگ کو محفوظ رکھا جائے گا اور لائیو ویڈیوز کو سائن ان کے دوران شناخت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ لاگ ان کے دوران سر کو حرکت دینا ہوگا تاکہ ڈیپ فیک ویڈیو یا ساکت تصاویر سے فراڈ کو ناکام بنایا جا سکے۔
گوگل نے بتایا کہ محفوظ ویڈیو کو انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا اور صارفین اپنے اکاؤنٹ ڈیش بورڈ سے کسی بھی وقت اپنی سیلفی ویڈیو ڈیلیٹ کر سکیں گے۔ یہ فیچر بتدریج دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔
صارفین اس فیچر کو گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز میں جاکر سکیورٹی اینڈ سائن اور پھر سیلفی ویڈیو کا انتخاب کرکے استعمال کر سکیں گے۔ اس کے بعد فون یا کمپیوٹر کیمرے میں درج ہدایات کے مطابق سر کو حرکت دینا ہوگا۔


