کراچی (لارڈ میڈیا) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے مرحوم کے ڈی اے افسر کے لواحقین کو پینشن اور واجبات کی عدم ادائیگی کے کیس میں کے ڈی اے کو درخواست گزار کو واجبات کی ادائیگی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ پینشن اور ریٹائرمنٹ فوائد ادارے کی صوابدید نہیں بلکہ ملازمین کا قانونی حق ہیں۔
عدالت نے کے ڈی اے کو درخواست گزار ثناء عزیز کو واجبات کی مد میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ واجبات کی بروقت ادائیگی ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے اور مالی مشکلات کو حقوق کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ مرحوم افسر کے واجبات ان کی زندگی میں ادا نہیں کیے گئے تھے۔ عدالت نے ریکارڈ کے جائزے کے بعد قرار دیا کہ ثناء عزیز مرحوم کی بیٹی ہونے کے ناطے قانونی وارث ہیں اور واجبات کی حقدار ہیں۔
عدالت نے کے ڈی اے کو حکم دیا کہ واجبات کی ادائیگی کے بعد عمل درآمد رپورٹ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے روبرو پیش کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عزیز احمد 2012 میں ریٹائر ہوئے تھے مگر تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے باوجود انہیں پینشن اور ریٹائرمنٹ واجبات ادا نہیں کیے گئے۔


