اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی سے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور تجارت کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے کی حالیہ صورتحال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ فریقین نے بین الاقوامی قانون کے احترام اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں، اسحاق ڈار نے نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور کھیل کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ نے امریکہ ایران کشیدگی کم کرنے کے لئے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اور علاقائی امن کے لئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔


