لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق اور 177 زخمی ہوئے ہیں۔ مختلف حادثات میں کئی مکانات منہدم ہوگئے۔
پنجاب میں پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے باعث 21 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 154 زخمی ہیں۔ آسمانی بجلی گرنے، عمارات گرنے، کرنٹ لگنے اور پانی میں ڈوبنے کے مختلف واقعات میں اموات ہوئیں۔ 38 مکانات جزوی متاثر ہوئے اور بارشوں سے ایک مویشی بھی ہلاک ہوا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہنے کے واقعات میں 22 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 23 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ سمیت دیگر علاقوں میں نقصانات ہوئے اور 37 گھر متاثر ہوئے۔


