لاہور (لارڈ میڈیا): بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں واقع سلال ڈیم کے تمام 11 دروازے بغیر اطلاع کے کھول دیے ہیں جس کے نتیجے میں دو لاکھ چوبیس ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب میں داخل ہوگیا۔ محکمہ ایریگیشن پنجاب نے تصدیق کرتے ہوئے سیالکوٹ اور وزیر آباد کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد نے کہا ہے کہ ضلع میں تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے بڑے سیلاب کی اطلاع دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سیلابی ریلا اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں وزیر آباد اور سیالکوٹ کے علاقوں تک پہنچ سکتا ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور دیگر بیراجوں پر شدید سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 2 لاکھ 75 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 58 ہزار کیوسک ہے۔ خانکی بیراج پر 2 لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک پانی کی آمد ہے۔
پنجاب میں مون سون کے طوفانی اسپیل سے دو دنوں کے دوران 17 افراد جاں بحق اور 107 زخمی ہوچکے ہیں۔ گوجرانوالہ میں 31 گھنٹوں کے دوران 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا میں تین روز کے دوران حادثات کے باعث 18 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم سڑکیں بند ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا یہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔


