منیلا (لارڈ میڈیا) : امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھنا چاہتا ہے، تاہم ایران کو آبنائے ہرمز پر کنٹرول یا عالمی بحری آمدورفت محدود کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
روبیو نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا عالمی آبی گزرگاہ پر اپنی شرائط نافذ کرنا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران عالمی تجارتی جہازوں کو نشانہ بناتا ہے اور یہ طے کرنا چاہتا ہے کہ کونسا جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکتا ہے، جو امریکا اور دیگر ممالک کے لیے ناقابل قبول ہے۔
روبیو نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے اہم راستہ ہے اور عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی معیشت اور فوج کو امریکا اسرائیل جنگ میں نقصان پہنچا ہے، اور تہران نے وسائل میزائلوں، ڈرون پروگرام اور مسلح تنظیموں پر خرچ کیے ہیں۔


