ہومانٹرنیشنلافغانستان میں سیلاب کی تباہی، 20 افراد جاں بحق

افغانستان میں سیلاب کی تباہی، 20 افراد جاں بحق

کابل (لارڈ میڈیا): افغانستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق شمال مشرقی صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں سیلابی ریلوں نے مکانات، زرعی زمینوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ نورستان میں سیلاب سے سب سے زیادہ تباہی ہوئی، جہاں متعدد دیہات زیرِ آب آگئے، مواصلاتی رابطے منقطع ہوگئے اور کئی خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔

ریسکیو اداروں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقوں، خراب موسم اور منقطع راستوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے تقریباً 100 افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی، زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو مزید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں