بیجنگ (شِنہوا) چینی کوسٹ گارڈ (سی سی جی) نے فلپائن پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر دراندازی، اشتعال انگیزی اور بے بنیاد پروپیگنڈا بند کرے۔ یہ بیان اس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں فلپائن کے ایک غیر قانونی طور پر کھڑے کئے گئے جہاز کے اہلکاروں نے پیر کے روز چین کے رین آئی جیاؤ کے قریب چینی کوسٹ گارڈ کی ایک چھوٹی گشتی کشتی کو جارحانہ انداز میں ہراساں کیا۔
چینی کوسٹ گارڈ کے بیان کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے فلپائن کے غیر قانونی طور پر کھڑے جہاز ایل ٹی-57 سے دو ربڑ کی کشتیاں تیزی سے معمول کی گشت پر مامور چینی کوسٹ گارڈ کی کشتی کے قریب آئیں اور متعدد واضح انتباہات کے باوجود خطرناک انداز میں اس سے ٹکرا گئیں۔
سی سی جی نے بتایا کہ اس دوران فلپائنی اہلکاروں نے قانون نافذ کرنے والے چینی اہلکاروں پر چپوؤں، ڈنڈوں اور دیگر آلات سے حملہ بھی کیا۔
اس کے جواب میں چینی کوسٹ گارڈ نے صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لئے زبانی انتباہ، کشتیوں کی حکمت عملی کے مطابق نقل و حرکت اور متناسب جوابی اقدامات کئے۔ بیان کے مطابق یہ تمام اقدامات انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق کئے گئے۔
واقعے کے بعد فلپائن نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور چین پر جھوٹے الزامات عائد کئے، جسے چینی کوسٹ گارڈ نے حقائق کو الٹنے اور سچ کو جھوٹ میں بدلنے کی کھلی کوشش قرار دیا۔
چینی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ وہ رین آئی جیاؤ سمیت نان شا چھون ڈاؤ اور ان سے ملحقہ سمندری علاقوں میں قانون کے مطابق اپنے حقوق کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے کی کارروائیاں جاری رکھے گا اور ملک کی علاقائی خودمختاری اور سمندری حقوق و مفادات کا بھرپور دفاع کرے گا۔


