اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کی آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔
ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے جس میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلی حکام شامل ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے جبکہ علاقائی تعاون اور خطے کی صورتحال بھی اہم موضوعات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورے میں طے شدہ معاہدوں اور فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا اور علاقائی صورتحال پر پیش رفت کی امید ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے اور محسن نقوی کے درمیان دوبارہ ملاقات کرکے خوشی محسوس ہوئی۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔


