پشاور (لارڈ میڈیا): خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گلیات میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق مردان کے علاقے رستم کالو ڈھیری میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہوئیں۔ ضلع خیبر میں مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ لنڈی کوتل میں شدید بارشوں کی وجہ سے سڑکیں متاثر ہوئیں اور 10 سے زائد گھروں کی چاردیواریاں منہدم ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کیا ہے۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نتھیا گلی اور ڈونگا گلی کی طرف سفر نہ کریں اور خطرناک علاقوں میں گاڑیاں پارک نہ کریں۔
پنجاب میں دریاؤں کی موجودہ صورتحال کے مطابق خانکی اور قادر آباد میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ممکنہ بارشوں کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔


