سوات (لارڈ میڈیا): سوات کے علاقے بریکوٹ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل بریکوٹ کے علاقے ابوہا میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال بریکوٹ منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی پر حملے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
اسی دوران بریکوٹ کے ہی علاقے مانیار میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


