اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تعلقات میں ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات کی جس میں علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ قبل ازیں وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کا اسلام آباد آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پاکستانی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گی اور تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر یہ دورہ ہو رہا ہے۔


