لاہور (لارڈ میڈیا) دبئی سے چھٹیاں گزارنے لاہور آئی 9 سالہ بچی رحمین فاطمہ واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں حادثاتی طور پر جاں بحق ہو گئی۔ واٹر پارک انتظامیہ کی غفلت کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
رحمین فاطمہ اپنے خاندان کے ساتھ جلو موڑ پر واقع نجی سوئمنگ پول میں نہانے گئی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔ بچی کے ماموں نے انتظامیہ کو آگاہ کیا، جنہوں نے بعد میں اس کی لاش پول کی ڈرینیج کے تیسرے مین ہول سے برآمد کی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر پول کے منیجر سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بچی کے والد محمد ندیم کا کہنا ہے کہ رحمین ان کی اکلوتی بیٹی تھی اور واقعہ غفلت نہیں بلکہ قتل ہے کیونکہ حفاظتی جنگلہ موجود نہیں تھا اور ڈرین کھول دیے گئے تھے۔
والدین کا کہنا ہے کہ رحمین فاطمہ ان کی شادی کے 9 سال بعد پیدا ہوئی تھی اور ان کی اکلوتی اولاد تھی۔


