کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار ندیم بیگ نے اپنی زندگی کی 85 بہاریں دیکھ لیں۔ ندیم، جن کا اصل نام مرزا نذیر بیگ ہے، 19 جولائی 1941 کو بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجے واڑہ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوئے۔
ندیم بیگ نے 1967 میں فلم چکوری سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی ہی فلم کی کامیابی نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ فلم انڈسٹری میں گلوکار بننے کے ارادے سے آئے تھے مگر قسمت نے انہیں اداکاری کی دنیا کا ممتاز ستارہ بنا دیا۔
انہوں نے اردو اور پنجابی کی دو سو سے زائد فلموں میں مختلف کردار ادا کیے، جن میں فلم آئینہ، تلاش، بندش، قربانی، دل لگی اور سنگم شامل ہیں۔ ندیم کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے متعدد نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
حکومت پاکستان نے 1997 میں ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔ ندیم بیگ اپنی شائستہ شخصیت، باوقار انداز اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے فلمی دنیا میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔
اس موقع پر شوبز شخصیات، مداحوں اور فن سے وابستہ افراد کی جانب سے ندیم بیگ کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔


