کویت (لارڈ میڈیا): کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسیع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کویت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجود دفاعی تعاون کے ماڈل سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کویت اور پاکستان کے درمیان فوجی تربیت، مشترکہ مشقیں، دفاعی مہارت اور تکنیکی تعاون کے شعبوں میں تعاون زیر غور ہے۔ دفاعی سطح کے عسکری وفود کے تبادلے اور دفاعی سلامتی کے امور پر قریبی رابطہ بھی ممکنہ تعاون کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے دفاعی تعاون موجود ہے، تاہم کویت اسے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجود فریم ورک تک لے جانا چاہتا ہے جو کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں قائم ہے۔
اب تک کویت یا پاکستان کی جانب سے کسی نئے دفاعی معاہدے یا مخصوص منصوبے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت میں زیر غور ہے۔


