واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا نے سعودی عرب اور کویت کو اربوں ڈالرز کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، سعودی عرب کو تقریباً دو ارب ڈالرز کے جدید ہتھیار فراہم کیے جائیں گے، جبکہ کویت کے لیے بھی کروڑوں ڈالرز کے دفاعی سپورٹ پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔
ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ سعودی عرب کے لیے منصوبے کی کل مالیت ایک ارب چھیانوے کروڑ ڈالرز ہے جس میں جدید گائیڈڈ میزائل سسٹم شامل ہے۔ اس کے تحت سعودی عرب کو فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر مار کرنے والے گائیڈنس سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس بڑے فوجی پیکیج میں لانچرز، دھماکہ خیز وار ہیڈز، راکٹ انجن، فیوز، اور اسپیئر پارٹس بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہتھیاروں کی دیکھ بھال کے لیے تکنیکی مدد، فوجیوں کی تربیت اور لاجسٹک خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔
امریکی حکام کے مطابق، بی اے ای سسٹمز کمپنی اس منصوبے کو مکمل کرے گی۔ کویت کے لیے منظور کردہ معاہدہ بنیادی طور پر ان کے سی-17 مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال اور ان کی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ہے۔ کویتی فضائیہ کو طیاروں کے پرزے، لوازمات، مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر اور تربیت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔


