چاغی (لارڈ میڈیا) حکومت نے بلوچستان کے سیندک منصوبے کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ چینی کمپنی سیندک میٹلز لمیٹڈ کو اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے رائٹرز کو بتایا کہ صوبائی حکام اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کو کمپنی کی تنصیبات، عملے اور نقل و حمل کے راستوں کی حفاظت کو مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیوں کے منصوبوں کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیندک منصوبے سے متعلق لاجسٹکس اور کارگو کی نقل و حرکت کو بھی اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
یہ اعلان فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر سپلائی کے راستوں میں تعطل برقرار رہا تو منصوبے کے آپریشنز کو جاری رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پاک۔چین تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ سیندک منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہے اور چین کی سرکاری کمپنی ‘میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا’ کے زیرِ انتظام ہے۔ اس منصوبے کی سکیورٹی میں اضافہ نہ صرف سیندک بلکہ قریبی معدنی منصوبوں جیسے کہ ریکوڈک کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔


