واشنگٹن (لارڈ میڈیا) : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا میں عوامی رائے کی جنگ ہار رہا ہے۔ انہوں نے امریکی پوڈکاسٹر جو روگن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکا کا اتحادی ہے، لیکن وہ امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔
نائب صدر وینس سے سوال کیا گیا کہ کیا اسرائیل امریکی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جی ہاں، اسرائیل اس معاملے میں مؤثر ہے۔
مارچ میں ایک سروے کے مطابق امریکا میں اسرائیل کی حمایت میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی۔ صرف 32 فیصد امریکی اسرائیل کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں، جبکہ 39 فیصد منفی رائے رکھتے ہیں۔
یہ تبدیلی گزشتہ چند برسوں میں آئی ہے جبکہ ڈیموکریٹس اور آزاد ووٹرز میں اسرائیل کی حمایت 2013 کے مقابلے میں 34 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی ہے۔
خاص طور پر نوجوانوں میں اسرائیل کے خلاف جذبات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔


