ممبئی (لارڈ میڈیا): ہندو انتہا پسند رہنما جگد گرو پرمہنس آچاریہ نے بالی وڈ اداکار عامر خان کو قتل کرنے پر 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ریاست مہاراشٹرا کے وزیر نتیش رانے کی جانب سے عامر خان کو ‘لو جہاد کا برانڈ ایمبیسیڈر’ قرار دینے کے بعد سامنے آیا۔ ایودھیا سے تعلق رکھنے والے جگد گرو پرمہنس آچاریہ نے اس بیان کی عوامی سطح پر حمایت کی اور دعویٰ کیا کہ عامر خان کی ہندو خواتین سے شادیوں کا مقصد لو جہاد کو فروغ دینا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہندو انتہا پسند رہنما نے عامر خان کا سر قلم کرنے والے شخص کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر کوئی ایسا نہیں کرتا تو وہ خود عامر خان کو مار ڈالیں گے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ قتل کرنے والے کے قانونی اخراجات بھی وہ برداشت کریں گے۔
جگد گرو پرمہنس نے کہا کہ ایسے اقدامات سے لو جہاد جیسے عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، جسے وہ ایک حقیقت قرار دیتے ہیں۔


