تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے کہا ہے کہ امریکی میزائل حملوں میں جنوب مشرقی ایران کے فوجی اڈے پر 7 ایرانی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایرانی فوج نے اس حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق حملہ سیستان و بلوچستان کے علاقے ایرانشہر کے قریب بمپور گیریژن پر ہوا، جہاں امریکی میزائلوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فوج کے بیان کے مطابق 13 امریکی میزائل فوجی بیرکوں پر داغے گئے، جس کے نتیجے میں 388 ویں بریگیڈ کے سات اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا، اور یہ کہ حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ جنوبی ایران پر امریکی حملوں میں 30 سے زائد عام شہری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی عسکری کشیدگی کے باعث خطے میں مزید تصادم کے خدشات ہیں۔


