ہومتازہ ترینآئی سی سی نے مینز ورلڈکپ فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری...

آئی سی سی نے مینز ورلڈکپ فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دی

دبئی (لارڈ میڈیا): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز کرکٹ ورلڈکپ اب تین مرحلوں پر مبنی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز میں گروپ مرحلے کے بعد سپر 7 مرحلہ ہوگا، جہاں 7 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ سپر 7 کے اختتام پر ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فارمیٹ میں بھی اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ 20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں گروپ مرحلے کے بعد اب 8 کے بجائے 10 ٹیمیں دوسرے مرحلے، یعنی سپر 10 میں پہنچیں گی۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ آئی سی سی کے مطابق اس نئے نظام سے آخری مرحلے تک مقابلوں کی سنسنی برقرار رہے گی۔

آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل نئے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی تجویز بھی دی ہے، جو ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کھیلا جائے گا۔ نئے ٹورنامنٹ کا مقصد ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے اعلیٰ معیار کا عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

مزید برآں آئی سی سی نے 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ نظام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس نظام کے تحت مختلف ریجنز کے ذریعے ٹیمیں گلوبل کوالیفائر تک رسائی حاصل کریں گی، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اسکاٹ لینڈ کو بھی 2028 کے کوالیفائنگ مرحلے میں خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ نئے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں آئی سی سی بورڈ اجلاس میں متوقع ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں